گیا:بہار کے عازمین حج کو گیا ہوائی اڈہ سے گوفرسٹ ایئرلائنز کی جگہ اسپائس جیٹ ایئرویز لے کر جائے گی۔ اس کی تصدیق ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین عبدالحق نے ای ٹی وی بھارت سے کیا۔ عبد الحق نے کہا کہ بہار کے عازمین کو حج سفر پر لے جانے اور واپسی کا معاہدہ اسپائس جیٹ ایئرویز سے ہوا ہے حالانکہ انہوں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ بہار کے عازمین حج کی پرواز پہلے سے طے شیڈول 21 مئی سے ہوگی یا پھر ایئرلائنز کے تبدیل ہونے کی وجہ سے تاریخ آگے بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ بہار حج کمیٹی 7 جون سے پرواز کا سلسلہ شروع کرنے کی خواہاں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پہلے مرحلے میں اکیس مئی سے کلکتہ سے بھی پرواز کاسلسلہ شروع ہوگا۔ وہاں سے بہار کے 1900عازمین حج روانہ ہوں گے جبکہ گیا ایئرپورٹ سے 3500عازمین روانہ ہوں گے۔ ایک ساتھ دو آپریشن کو دیکھنا بہار حج کمیٹی کو پریشانیوں کاسامنا ہوگا۔اس وجہ سے بہار حج کمیٹی نے مرکزی حج کمیٹی اور مرکزی حکومت کو درخواست دی ہے کہ بہار کے گیا امبارکیشن سے حج پرواز کا سلسلہ 7جون سے شروع کیا جائے اگر اس درخواست کومنظورکر لیا جاتا ہےتو حج پرواز کا سلسلہ سات جون سے شروع ہوگا۔