دارالحکومت پٹنہ کے قلب میں داروغہ رائے پتھ پر واقع ایم ایل اے فلیٹ کے قریب فٹ پاتھ پر گزشتہ چار دہائیوں سے زندگی بسر کرنے والے غریب مسلمان لاک ڈاون کی وجہ سے بدترین حالت کو پہنچ چکے ہیں۔
ایک چھوٹی سی پلاسٹک کی جھونپڑی میں کئی بچوں کے ساتھ زندگی بسر کرنے والے غریب مسلمانوں کے گھروں کے سامنے بنے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں۔
لاک ڈاون میں ان غریبوں کی زندگی بد سے بدتر ہوگئی ہے۔ بیشتر خاندانوں کا ذریعہ معاش گداگری اور پرانے کپڑے کا روزگار ہے۔
کئی دہائیوں سے اس علاقے میں رہنے والے یہ مسلمان صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیے جاتے ہیں اور سیاست دانوں کو یہ انتخابات کے وقت ہی یاد آتے ہیں۔ لاک ڈاؤن سے ان کا معاش تک چھِن گیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے اپنا درد بیان کرتے ہوئے ان لوگوں نے کہا کہ ان کے پاس اپنی شناخت کے لئے کوئی دستاویزات نہیں ہیں۔ ووٹر آئی کارڈ کے علاوہ کوئی شناختی کارڈ انہیں نہیں دیا گیا ہے۔
ان معصوموں کو سیاسی شبدہ بازی کا کوئی علم نہیں، ان کے بچے ننگے بھوکے پیاسے دوڑتے نظر آئے۔