گیا: گیا کے انتہائی نکسل متاثر علاقہ امام گنج کے کوٹھی تھانہ حلقہ کے رہنے والے محمد شیر افغان خان نے 68 ویں بی پی ایس سی کریک کر محکمہ ڈیزاسٹر کے اسسٹنٹ افسر بنے ہیں ،شیرجہاں کوٹھی تھانہ حلقہ کے تلواری گاوں کے رہنے والے ہیں، ابتدائی تعلیم اپنے علاقے کے ایک نجی اسکول سے حاصل کی اور پھر اُنہوں نے گریجویشن علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے کیا ،گزشتہ شام کو ہی بی پی ایس سی 68ویں بیچ کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔
شیرافغان خان نے 87 واں رینک حاصل کرکے پورے ضلع کا نام روشن کیا ہے۔ اُنہوں نے دوسری کوشش میں یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ حالانکہ اس سے پہلے بھی 67 ویں بی پی ایس سی کا امتحان دے چکے ہیں تاہم انکا 67 ویں بی پی ایس سی میں مینس کلیئر نہیں ہوپایا تھا ، لیکن اس بار اُنہوں نے اپنی قابلیت کے بل بوتے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 87 واں رینک حاصل کیا ہے ، شیر افغان خان نے بتایا کہ پرائمری اسکول سے ہی سول سروس میں دلچسپی پیدا ہوگئی تھی۔ بچپن سے ہی ایک ذہین طالب علم رہے ہیں ، سیلف اسٹڈی کر کے انہوں نے 68 ویں بی پی ایس سی کریک کیا ہے ،آگے ان کا ہدف یو پی ایس سی کریک کرنا ہے لیکن ابھی وہ اس عہدے کو اپنائیں گے۔ شیر افغان خان کے والد گاؤں میں ہی رہ کر کام کرتے تھے سنہ 2019 میں ان کی موت ہو گئی تھی۔