مارچ شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے ممنوعہ علاقہ ہڑتالی موڑ جیسے ہی پہنچا، وہاں پہلے سے جوڈیشیل مجسٹریٹ کی قیادت میں موجود پولیس کے جوانوں نے مارچ کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔
اس کے بعد کارکنان مشتعل ہوگئے اور پولیس اور کانگریس کارکنان کے مابین تلخ نوک جھونک ہوئی۔ کارکنان آگے بڑھنے کی کوشش میں لگے تھے تبھی پولیس کی جانب سے واٹر کینن کے بعد لاٹھی چارج کیا گیا ۔
پولیس لاٹھی چارج میں بہار کانگریس صدر سمیت متعدد کارکنان زخمی
اس واقعہ میں کانگریس کے ریاستی صدر اور رکن کونسل مدن موہن جھا ، راجیہ سبھا رکن اکھلیش پرساد سنگھ ، کارگزار ریاستی صدر کوکب قادری ،رکن کونسل پریم چندر مشرا سمیت چوبیس سے زائد کارکنان زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوراً ابتدائی علاج کیلئے لے جایا گیا ۔
کچھ دیر بعد ہی انتہائی مصروف ہڑتالی موڑ پر افرا تفری کی صورتحال بنی رہی حالانکہ پولیس نے ریاستی صدر جھا ، راجیہ سبھا رکن سنگھ ، کارگزار صدر قادری ، رکن اسمبلی امیتا بھوشن اور رکن کونسل مشرا کو حراست میں لے لیا۔
واضح رہے کہ بڑھتی مہنگائی ، معاشی مندی اور بے روزگاری سمیت دیگر معاملوں کو لیکر ریاستی کانگریس کی جانب سے آج جن ویدنا مارچ کا انعقاد کیاگیا تھا۔ اس مارچ کو کامیاب بنانے کیلئے پارٹی کے بہار معاملوںکے انچارج شکتی سنگھ گوہل کل ہی پٹنہ آگئے تھے۔