کٹیہار: بہار کے کٹیہار ضلع میں پولیس فائرنگ سے تین افراد کی موت ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق ضلع کے بارسوئی میں ایس ڈی او آفس کے قریب بجلی کی فراہمی کے مطالبہ کو لے کر احتجاج کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوگئی تھی۔ اسی دوران پولیس نے فائرنگ شروع کر دی، جس میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی، جب کہ دو افراد بعد میں اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی کا ماحول ہے۔ ساتھ ہی پولیس حالات کو قابو کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پولیس کی فائرنگ سے تین افراد ہلاک: مرنے والے تین افراد میں سے بسال گاؤں کے رہائشی خورشید عالم (34 سال) کی موت کی تصدیق پولیس افسر نے کی ہے۔ اس کے علاوہ چاپکھود پنچایت کے نیاز عالم (32 سال) اور ایک اور شخص ہے جس کی ابھی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ لاٹھی چارج میں کئی لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔