پٹنہ: بہار کے دارلحکومت پٹنہ سے متصل مانیر میں اینٹوں کے بھٹے کی چمنی میں دھماکے سے چار خواتین مزدوروں کی موت ہو گئی۔ جب کہ کئی مزدوروں کے ملبے میں دبے ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ حادثہ مانیر تھانہ علاقہ کے بیاپور گاؤں کے لکی برک بھٹہ چمنی کا ہے۔ حادثے کے بعد بھٹہ مالک فرار ہے۔ پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے دانا پور سب ڈویژنل اسپتال بھیج دیا ہے۔
مانیر میں اینٹوں کے بھٹے کی چمنی میں دھماکہ: بتایا جاتا ہے کہ اچانک چمنی کی دیوار گر گئی جس سے زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے میں سوگنتی دیوی (جھارکھنڈ)، گھرنی دیوی (جھارکھنڈ)، شیلا دیوی (جھارکھنڈ) اور سیتا دیوی (گیا) چار خواتین مزدور ہلاک ہو گئیں۔ اس حادثے میں کئی مزدور زخمی ہوئے ہیں اور کئی دب گئے ہیں۔ ملبہ ہٹانے کے بعد مزدوروں کو نکالا جا رہا ہے۔ کچھ مزدوروں کو علاج کے لیے پٹنہ بھیجا گیا ہے۔ ساتھ ہی پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ علاقے میں افراتفری کا ماحول ہے۔ اطلاع ملتے ہی مانیر تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔