ضلع گیا میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد میونسپل کارپوریشن نے اپنی ذمے داریوں کو بخوبی انجام دیا ہے، کارپوریشن کے سبھی وارڈوں میں چلائے جارہے کورونا وائرس کے خلاف تحریک بنام 'نگرسرکار آپ کے دوار 'کا بہترین تنیجہ سامنے آرہا ہے۔
گیا: کورونا دور میں میونسپل کارپوریشن کی تحریک 'نگرسرکار آپ کے دوار' جاری گیا میں گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں جہاں یومیہ جانچ میں دو سو سے زائد کورونا کے مثبت معاملے سامنے آرہے تھے ، اب اسکی تعداد گھٹ کر سو کے اندر ہوگئی ہے، شہر میں اسکا کریڈٹ میونسپل کارپوریشن کی بیداری وصفائی مہم کو بھی دیاجارہاہے۔
گزشتہ بیس دنوں سے میونسپل کارپوریشن کی طرف سے 'نگر سرکار آپ کے دوار' پروگرام چلایاجارہاہے، جس کے تحت سبھی وارڈ میں سماجی دوری، ماسک، سوشل ڈسٹینسنگ اور صوبائی ومرکزی حکومت کے ذریعے بنے اصول وضوابط عام عوام تک پہنچایا جارہاہے، اس مہم کو کامیاب بنانے میں خود میئر گنیش پاسوان اور ڈپٹی میئر اکھوری ناتھ عرف موہن شریواستو سڑک پر اتر کر صفائی وسینیٹائزیشن کے کاموں میں مصروف ہیں۔
شہر گیا کے محلوں سمیت چوک چوراہوں و بھیڑ بھاڑ والے علاقے سمیت مذہبی مقامات، کچی آبادی والے علاقے کو سینیٹائز کیا گیا ہے، ماسک ، صابن تقسیم کرنے کے ساتھ مسلسل بیداری مہم بھی چلائی جارہی ہے
مقامی باشندہ دلیپ یادو نے کہا میونسپل کارپوریشن کی صفائی ستھرائی اور سینیٹائزیشن کی وجہ سے کورونا وائرس پر کچھ حد تک قابو پایا گیا ہے، اسی طرح آگے بھی کام ہوتا رہے گا اور اس سے وائرس کی زد میں آنے والوں کی تعداد صفر ہوسکتی ہے
سیوٹی کماری وارڈ کونسلر نے کہاکہ انکے حلقے میں نالے کی صفائی نہیں ہونے اور نالے پر پل نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی ہورہی تھی تاہم میونسپل کارپوریشن نے اس مسئلے کو حل کیا ہے ، اب کورونا سے ہرطرح سے جنگ لڑی جارہی ہے ۔
ڈپٹی میئر موہن شریواستو نے کہاکہ شہر کے سبھی وارڈوں میں کام ہورہے ہیں ، میونسپل کے تمام اہلکار خاص طورسے صفائی عملہ دن رات لگے ہوئے ہیں، میونسپل کی طرف سے سبھی اہلکار کا استقبال کیا گیا ہے ، انہوں نے کہاکہ لڑائی جاری رہیگی جب تک گیا میں کورونا کے صفر کیس نہ ہوں۔