راشٹریہ جنتا دل آج اپنا 25 واں یوم تاسیس نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ پارٹی کا قیام 5 جولائی 1997 کو عمل میں آیا جس کے بانی آر جے ڈی کے سپریمو و سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو ہیں۔
اس مناسبت سے ارریہ میں آر جے ڈی کارکنان نے بھی اوم نگر واقع پارٹی آفس میں یوم تاسیس کے موقع پر کیک کاٹ کر اور ایک دوسرے کا منھ مٹھا کر خوشی کا اظہار کیا۔
آر جے ڈی کے ضلع صدر سریش پاسوان نے پارٹی کے تمام کارکنان کو پھول مالا پہنا کر ان کا استقبال کیا اور ایک نئے جوش و جذبے کے ساتھ پارٹی کو مضبوط کرنے کا حلف دلایا۔
آر جے ڈی کارکنان نے پارٹی کا 25واں یوم تاسیس منایا مزید پڑھیں: مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک بدحال: لالو
اس تقریب میں آر جے ڈی کے قدآور لیڈر و سابق رکن پارلیمان سرفراز عالم نے کہا کہ آج کے دن ہم پارٹی کے بانی لالو پرساد یادو جی کے اچھی صحت کے لئے دعا کرتے ہیں۔ انہوں نے جن مقاصد کے تحت پارٹی کا وجود عمل میں لایا تھا آج اسی راستے پر تمام کارکنان چل رہے ہیں۔ لالو پرساد جی نے غریبوں و مظلوموں کے ساتھ ہو رہے نا انصافی کے خلاف آواز بلند کی تھی اور راجد کے بینر تلے تمام لوگوں کو ایک ساتھ جوڑا تھا، آج بھی بہار میں جتنا جنادھار راجد کا ہے وہ کسی بھی پارٹی کا نہیں۔
آر جے ڈی کے سینئر رہنما سرور عالم نے کہا کہ لالو پرساد صرف ایک شخصیت کا نام نہیں بلکہ ایک فکر کا نام ہے، جو ہمیشہ فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف مضبوطی سے کھڑا رہا ہے، انہوں نے کبھی ایسے لوگوں سے سمجھوتہ نہیں کیا۔ مرکزی حکومت نے انہیں کئی طرح سے ناحق دبانے کی کوشش کی لیکن وہ کبھی جھکے نہیں، پورے ملک میں لالو پرساد واحد شخص ہے جو فرقہ پرست ذہنیت والوں سے ٹکراتا ہےْ
خاتون سیل کی ضلع صدر لولی نواب نے کہا کہ لالو پرساد جیسے جیسے صحت یاب ہو رہے ہیں دوسری پارٹیوں میں ایک بے چینی سی دیکھی جا رہی ہے، ریاستی حکومت آج ہر محاذ پر ناکام ہے، بے روزگاری، جرائم اور غریبوں کے حقوق کے ساتھ کھیلواڑ کیا جا رہا ہے، بہت جلد لالو جی میدان میں ہوں گے اور نتیش حکومت کے خلاف ایک تحریک کا آغاز کریں گے۔