پٹنہ:بہار میں آر جے ڈی کی ترجمان ساریکا پاسوان نے بھارتی خواتین ریسلرز کے ساتھ مبینہ زیادتی معاملہ کر افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو کھلاڑی پوڈیم پر کھڑے ہوکر ملک کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں وہی کھلاڑی اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف سڑکوں پر اترنے کے لیے مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی تمغہ جیت کر خوشی کے آنسو بہاتے ہیں وہ اپنی حالت پر رو رہے ہیں اور پھر بھی وزیر اعظم خاموش ہیں۔ بی جے پی نعرہ دیتی ہے کہ بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ، مگر ملک کی بیٹیوں کے ساتھ آج کیا ہو رہا، اس پر نعرہ دینے والے خاموشی کیوں اختیار کئے ہوئے ہیں، کیوں نہیں رکن پارلیمان پر کارروائی کی جا رہی ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے بیانات میں کتنا تضاد ہے، اس کا انداز اسی بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بی جے پی کا ایک بھی رہنما ان کھلاڑیوں کے انصاف و حق کے لیے آواز بلند نہیں کر رہا ہے، جہاں جہاں بی جے پی اقتدار میں ہے تقریباً سبھی ریاستوں میں یہی حال ہے کہ کھلاڑی و عوام تک محفوظ نہیں ہیں۔ اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ سب سے پہلے رکن پارلیمان کو فیڈریشن سے نکال باہر کرنا چاہیے اور پھر ان پر قانونی کاروائی کے تحت مقدمہ چلانا چاہیے۔