ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں بہار اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر و راشٹریہ جنتا دل کے رکن اسمبلی تیجسوی یادو آج ریاستی دفتر میں منعقد پارٹی کارکنان کی اہم میٹنگ میں شرکت کرنے پہنچے اور کارکنان سے ملاقات کی۔ تیجسوی یادو کا استقبال پارٹی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ نے گلپوشی کرتے ہوئے کی۔ پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری شیام رجک نے بتایا کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی پر بات چیت کرنے کے مقصد سے یہ میٹنگ منعقد کی گئی۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار جشن منا رہے ہیں کہ بہار میں سب سے زیادہ مدت تک وزیر اعلیٰ کے عہدے پر رہنے کا ریکارڈ بنایا ہے تو انہیں یہ بھی بتانا چاہئے کہ آج بہار ملک کے کتنے ترقی یافتہ صوبوں کی فہرست میں آتا ہے۔ جے ڈی یو کے لیڈران اور کارکنان کو جشن نہیں بلکہ انہیں اپنا اور بہار کا احتساب کرنا چاہیے کہ اتنی دیر تک وزیر اعلیٰ بنے رہنے کے بعد بھی آج بھی بہار میں نوجوان بے روزگاروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ اسکول، کالج اور یونیورسٹی میں اساتذہ بحال نہیں کئے جا رہے ہیں۔ مہنگائی شباب پر ہے تو اس کا کریڈٹ کسے جائے گا، ڈبل انجن کی حکومت کے باوجود بھی نتیش کمار بہار کو خصوصی پیکیج نہیں دلا سکیں۔