گیا: بہار کے ضلع گیا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آر جے ڈی کے ترجمان بھائی ویریندر نے کہا کہ بہار اسمبلی تخمینہ کمیٹی کے چیئرمین ہونے کی وجہ سے ہم مسلسل بہار کے مختلف اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم حکومت کی طرف سے کئے جانے والے کاموں کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ اسکیموں تعلق سے حکومت کو آگاہ بھی کیا جارہاہے۔RJD Leader Bhai Virendra Reaction On Unemployment And Price Hike
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ملک کو بیچنے میں لگی ہوئی ہے۔ تمام سرکاری اداروں کی نجی کاری کی جا رہی ہے۔ یہ سرمایہ داروں کی حکومت ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2014 کے انتخابات میں مودی جی نے کہا تھا کہ وہ بے روزگاری کو دور کریں گے۔ ہر سال 2 کروڑ نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔ لیکن یہ باتیں اب جھوٹی ثابت ہو رہی ہیں۔ حکومت بے روزگاروں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ کھانے پینے کی اشیاء پر بھی جی ایس ٹی لگا دیا گیا ہے۔ ماضی میں جب گیس سلنڈر کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ہوا تھا تو بی جے پی کے لوگ ہنگامہ برپا کرتے تھے۔ لیکن ان کے دور میں آج گیس سلنڈر 12 سو روپے سے زائد میں فروخت ہو رہا ہے۔لیکن آج وہ اس کو لے کر کچھ کہنے کو تیار نہیں ہیں۔