پٹنہ:آج راشٹریہ جنتا دل کا 27 واں یوم تاسیس منایا گیا۔ مرکزی تقریب کا اہتمام پارٹی کے ریاستی دفتر میں کیا گیا۔ سب سے پہلے پارٹی کے قومی صدر مسٹر لالو پرساد نے پرچم کشائی کی۔ اس موقعے پر آر جے ڈی کے پرچم کو یوتھ آر جے ڈی اور طلبہ آر جے ڈی کارکنوں نے سلامی دی۔ ریاستی صدر مسٹر جگدانند سنگھ کی صدارت میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی صدر مسٹر لالو پرساد نے پارٹی کے یوم تاسیس پر تمام آر جے ڈی کارکنوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔
اس موقعے پر لالو پرساد نے مرکز کی مودی حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کی اپیل کی۔ آر جے ڈی کے قیام کے پس منظر اور حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں جنتا دل کا قومی صدر تھا اور کچھ لوگ غیر ضروری طور پر ہمیں ہٹا کر پارٹی پر اپنا اقتدار قائم کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جو غلط تھا۔ میں نے اپنے ساتھیوں جن میں سے کئی آج اس اسٹیج پر موجود ہیں اور بہت سے جو ہم لوگوں کے درمیان نہیں ہیں سے مشورہ کر نئی پارٹی کی تشکیل کا فیصلہ لیا۔ آنجہانی لیڈر رام کرشن ہیگڑے نے پارٹی کا نام راشٹریہ جنتا دل تجویز کیا۔ اپنے قیام سے لے کر اب تک راشٹریہ جنتا دل نے ہر میدان میںنمایاں کار کردگی کی ہے اور ہمیں ہر حال میں عوامی حمایت حاصل رہی ہے۔ آر جے ڈی اپنے قیام سے لے کر اب تک کئی اتھل پتھل کے باوجود سماجی انصاف کے میدان میں ملک کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔