اردو

urdu

ETV Bharat / state

آرجے ڈی سے نکالے گئے اراکین اسمبلی جے ڈی یو میں شامل - اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ

بہار میں اس سال ہونے والے اسمبلی انتخاب کو لیکر بدلتے سیاسی منظر نامے کے درمیان آج حزب اقتدار (این ڈی اے ) کی حلیف جنتا دل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) کی ابتدائی رکنیت سے خارج کیے جانے کے بعد وزارت صنعت کے عہدہ سے برخاست شیام رجک نے جہاں اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر اہم اپوزیشن راشٹریہ جنتا دل ( آرجے ڈی ) میں شامل ہو گئے وہیں آرجے ڈی سے نکالے گئے تین اراکین اسمبلی نے جے ڈی یو کی رکنیت حاصل کرلی ۔

RJD expelled MLAs join JDU
آرجے ڈی سے نکالے گئے اراکین اسمبلی جے ڈی یو میں شامل

By

Published : Aug 17, 2020, 7:52 PM IST

مسٹر رجک نے یہاں اسمبلی واقع اسپیکر وجے کمار چودھری سے مل کر اسمبلی کی رکنیت سے متعلق اپنا استعفیٰ نامہ سونپا، مسٹر رجک پٹنہ کے پھلواری شریف ( محفوظ ) حلقہ سے جے ڈی یو کے رکن اسمبلی منتخب کیے گئے تھے۔ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے بعد مسٹر رجک آرجے ڈی میں شامل ہوگئے ۔
وہیں آرجے ڈی نے گذشتہ چھ ماہ سے پارٹی مخالف سرگرمیوں میں شامل ہونے کے الزام میں پارٹی کے قومی صدر لالو پرساد یادو کی ہدایت پر چار اراکین اسمبلی کو نکال دیا ۔ جن اراکین اسمبلی کو آرجے ڈی سے باہر کیا گیا ہے ان میں پاتے پور سے مسز پریما چودھری ، گائے گھاٹ سے مہیشور یادو ، کیوٹی سے فراز فاطمی اور سہسرام سے اشوک کمار شامل ہیں۔ مسٹر فراز فاطمی کے والد اور سابق مرکزی وزیر علی اشرف فاطمی کو گذشتہ لوک سبھا انتخاب میں آرجے ڈی نے امیدوار نہیں بنایاتھا جس سے ناراض ہوکر وہ جے ڈی یو میں شامل ہوگئے تھے۔
آرجے ڈی سے نکالے گئے چار میں سے تین اراکین اسمبلی جے ڈی یو میں شامل ہوگئے ۔ شامل ہوئے لیڈرا ن میں مسز پریما چودھری ، مہیشور یادو اور اشوک کمار ہیں ۔ مسٹر فراز فاطمی شہر سے باہر ہونے کی وجہ سے ملن تقریب میں شامل نہیں ہو سکے ۔
جے ڈی یو کے سنیئر لیڈر اور وزیر توانائی ویجندر پرساد یادو اور اطلاعات و رابطہ عامہ محکمہ کے وزیر نیرج کمار کی موجودگی میں پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ ملن تقریب میں ان تینوں لیڈران نے جے ڈی یو میں شامل ہونے کا اعلان کیا ۔ اس کے بعد سبھی لیڈران کو جے ڈی یو کی رکنیت دلائی گئی۔ شامل ہونے کے بعد تینوں اراکین اسمبلی جے ڈی یو کے قومی صدر اور وزیراعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کریں گے ۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details