گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں لوک جن شکتی پارٹی آر کے بڑے رہنما انور علی خان کو بدمعاشوں نے گولی مار کر ہلاک کردیا ہے۔ واردات ابھی کچھ دیر پہلے پیش آئی ہے۔انور خان کی شبیہ بھی ایک بڑے کرمنل کے طور پر رہی ہے۔ لیکن وہ پچھلے پندرہ برسوں سے سیاسی طور پر متحرک ہو گئے تھے۔ سماجی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔آج کچھ دیر پہلے ان کے آبائی گاؤں سیہولی موڑ کے قریب یہ واقعہ پیش آیا ہے۔
سیٹی ایس پی ہمانشو کمار نے واردات کی تصدیق کر دی ہے، اُنہوں نے بتایا کہ انور خان کو قریب سے گولی مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔ بدمعاشوں کا تعاقب کیا جارہا ہے، پہچان کر لی جائے گی۔ قتل کی وجہ کیا ہے اس کا بھی انکشاف کردیا جائے گا ۔وہیں انور علی خان پر حملہ ہونے کی اطلاع ملتے ہی پورے علاقے میں ہنگامہ برپا ہو گیا ہے اور اُن کے حامی جائے واردات پہنچ کر مشتعل ہوگئے ہیں، نیشنل ہائی وے پر ہزاروں کا مجمع لگا ہوا ہے، پولیس موقع پر پہنچ کر لوگوں کو پرسکون کرانے میں لگی ہے، لاش کو قبضے میں پولیس نے لے لیا ہے اور پوسٹ مارٹم میں بھیجنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
کیسے ہوا حملہ:
اطلاع کے مطابق انور علی خان آج صبح 10 بجے کے بعد گھر سے نکل کر نیشنل ہائی وے ٹو کے قریب سہولی مدرسہ موڑ پر داڑھی بنوا رہے تھے، تبھی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر بدمعاش پہنچے اور ان پر فائرنگ کر دی۔ اس دوران انہوں نے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے بھاگنے لگے لیکن تبھی چار سے زائد بدمعاشوں نے ان کا تعاقب کر گولی چلانا شروع کر دیا۔