پٹنہ: بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں منعقدہ اپوزیشن اتحاد کی میٹنگ میں شرکت کے لیے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی پٹنہ پہنچ گئے ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال راؤ بھی ان کے ساتھ پٹنہ پہنچ گئے ہیں۔ اپوزیشن اتحاد کی میٹنگ میں شرکت کے لیے آئے راہل گاندھی کے استقبال کے لیے وزیراعلی نتیش کمار خود پٹنہ ایئرپورٹ پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ راہل گاندھی کے استقبال کے لیے کانگریس کارکنان کی بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی۔ کانگریس صدر ملکارجن، جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال راؤ بھی راہل گاندھی کے ساتھ پٹنہ پہنچے، جہاں راہل سمیت تمام کانگریس رہنما سیدھے صداقت آشرم گئے۔ یہاں انہوں نے کانگریس کارکنوں سے خطاب کیا۔
راہل گاندھی نے پٹنہ کے صداقت آشرم میں کانگریس کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دو نظریات کے درمیان لڑائی چل رہی ہے، ایک ہمارا بھارت جوڑو اور دوسری طرف بی جے پی کا بھارت توڑو نظریہ۔ بی جے پی بھارت کو توڑنے، نفرت اور تشدد پھیلانے کا کام کر رہی ہے جبکہ کانگریس جوڑنے کا کام کر رہی ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بھی کانگریس کارکنوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اس دفتر سے جو بھی رہنما نکلا، اس نے ملک کی آزادی کی جنگ لڑی۔ ہمیں فخر ہے کہ ملک کے پہلے صدر ڈاکٹر راجندر پرساد کا تعلق اسی سرزمین سے تھا۔ اگر ہم 2024 میں بہار جیت گئے تو پورے بھارت میں جیت جائیں گے۔ آپ کا موڈ کیسا ہے۔