گیا:بہار کے گیا میونسپل کارپوریشن کے مسلم اکثریتی وارڈر '26 نیو کریم گنج' میں ضمنی انتخاب کی گہما گہمی اور تشہیری مہم عروج پر ہے۔ یوں تو اس وارڈ میں ضمنی انتخاب ہے تاہم پورے شہر کی نگاہیں یہاں مرکوز ہیں کیونکہ یہاں سے سابق ڈپٹی میئر اکھوری اومکارناتھ عرف موہن شریواستو بھی امیدوار ہیں۔ جس کی وجہ سے اس انتخاب میں نہ صرف ان کے حامی پرجوش ہیں بلکہ ان کے حریفوں کی ایک بڑی جماعت بھی ان کی مخالفت میں متحرک ہے، برسوں بعد یہاں نیو کریم گنج میں زبردست طریقے سے انتخابی گہماگہمی نظر آرہی ہے۔ گزشتہ پانچ ماہ قبل جب میونسپل کارپوریشن کا انتخاب ہوا تو یہاں وارڈ میں انتخاب کو لیکر کوئی خاص سرگرمی نہیں تھی۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ یہاں سے بلا مقابلہ ابرار احمد عرف بھولا میاں منتخب ہوگئے تھے لیکن جیسے ہی ابرار احمد نے استعفیٰ پیش کرکے یہاں سے سابق ڈپٹی میئر کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا وارڈ سمیت پورے شہر میں سیاسی گہماگہمی بڑھ گئی۔
اب جب کہ 9 جون کو انتخاب ہونا ہے تو اس صورت میں یہاں دیر رات تک نیو کریم گنج کی گلیوں میں انتخابی جلسے اور عوامی رابطے کا دور جاری ہے۔ نیو کریم گنج کے 3 نمبر گلی میں ایک عوامی جلسہ امیدوار اکھوری اومکارناتھ عرف موہن شریواستو کی حمایت میں ہوا جس میں بڑی تعداد میں لوگ جلسہ گاہ میں موجود نظر آئے۔ اس جلسہ کی صدارت مولانا ادریس القادری نے کی اور انہوں نے اس دوران وارڈ کے انتخاب پر تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ جب کہ اس موقع پر سابق وارڈ کونسلر ابرار احمد عرف بھولا میاں جنہوں نے وارڈ سے استعفی دے کر موہن شریواستو کو امیدوار بنایا ہے انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہر کی ترقی اور صاف ستھرا بنانے کے لیے سابق ڈپٹی میئر کو امیدوار بنایا ہے اور انہی کے لیے انہوں نے استعفیٰ پیش کیا تھا یہ ایک بہترین مثال پوری ریاست کے لیے ہے۔