گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں آج اردو زبان سیل کے زیراہتمام اردو ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے فروغ اردو سیمینار پروگرام منعقد ہوا حالانکہ یہ پروگرام طے شدہ وقت سے گھنٹوں کی تاخیر کے بعد شروع ہوا ، تاخیر کی وجہ افسران کا وقت پر شامل نہیں ہونا تھا ،اس دوران فروغ اردو سیمینار پروگرام میں ادبا شعراء اور محبان اردو شامل ہوئے۔ پروگرام کا افتتاح ششی شیکھر ایڈیشنل ڈسٹرک مجسٹریٹ نظم ونسق اور انچارج اردو زبان سیل محترمہ آشنا اور دیگر معززین نے شمع روشن کرکے کیا ، استقبالی و تعارفی کلمات کے بعد طلباء و طالبات کی پیشکش ہوئی۔
اس دوران فروغ اردو پر گفتگو کرتے ہوئے مقالہ نگاروں نے کہا کہ اردو زبان بھارتیہ زبان ہے اور اس میں تعصب کی جگہ نہیں ہونی چاہیے لیکن موجودہ وقت میں تعصب پرستی کے معاملات بھی سامنے آئے ہیں جوکہ باعث تشویش اور افسوسناک ہیں ، حکومت بہار نے اردو کے فروغ کے لیے کئی منصوبوں کا آغاز کیا ، سرکاری اداروں میں اردو کو لازمی قرار دیا گیا۔ سرکاری سطح سے اردو کی ترویج واشاعت کے لیے پروگرام بھی کرایا جاتا ہے۔ بہار حکومت کی جانب سے اردو کے فروغ کے لیے کام ہوئے اور ہوتے بھی ہیں لیکن افسوس یہ کہ ہم اردو برادری نے اپنے گھروں تک ہی اردو کو محدود کردیا ، اگر ہماری طرف سے خاص کر عام لوگوں کی طرف سے پہل ہوتو بڑے مثبت اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
اردو کے فروغ کے لیے ہوگا اہم کام
اردو کے فروغ کے حوالے سے ایڈیشنل ڈسٹرک مجسٹریٹ ششی شیکھر نے ای ٹی وی بھارت اردو سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اردو زبان کے تعلق سے کئی منصوبے ہیں جس میں ایک یہ بھی ہے کہ اردو کی خدمت کرنے والے افراد کی مدد کی جائے اور انہیں سرکاری سطح پر متعارف کروایا جائے ، طلبا کے درمیان اردو کی دلچسپی کیلئے انکی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے ، ضلع میں اردو کے تعلق سے جلد ہی بیداری پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے۔