گیا:ریاست بہار میں مرکزی حکومت کے خلاف عظیم اتحاد کی پارٹیاں گول بند ہوکر آج سراپا احتجاج رہیں ، حزب اختلاف کے اراکین پارلیمنٹ کی معطلی کے خلاف عظیم اتحاد کے رہنما اور کارکنان سڑکوں پر اتر کر مخالفت درج کرائی اور اس دوران مرکزی حکومت کے خلاف فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے، عظیم اتحاد کے رپنماء سب سے پہلے گاندھی میدان پہنچے اور پھر وہاں سے ایک ساتھ ہوکر کاشی ناتھ موڑ ، کچہری ہوتے ہوئے کلکٹریٹ پہنچے اور پھر وہاں سے واپس گاندھی میدان پہنچے۔ اس مارچ میں آرجے ڈی کوٹے کے ریاستی وزیر کمار سروجیت، جے ڈی یو کے سابق ایم ایل اے اور ضلع صدر ابھے کوشواہا۔ گیا مہانگر کے صدر راج کمار پرساد راجو برنوال، کانگریس اقلیتی سیل جھارکھنڈ کے انچارج عمیر احمد خان ، سابق ڈپٹی میئر موہن شریواستو سمیت کئی بڑے رہنماء و کارکنان موجود تھے۔
اس موقع پر کانگریس کے رہنماء عمیر احمد خان نے کہاکہ عوامی مدوں اور پارلیمنٹ کے تحفظاتی خامیوں کو چھپانے کے لیے حزب اختلاف کو نشانہ بنایا گیا ہے ، جمہوری نظام میں بھی پارلیمنٹ میں سوال پوچھنا بڑا گناہ ہوگیا ہے ، معطلی سے واضح ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت پارلیمنٹ سے حزب اختلاف کو ختم کر جمہوریت اور آئین کو ختم کرنا چاہتی ہے ، بغیر حزب اختلاف کے حکومت کا وجود کیا ہوسکتا ہے، آئین کو ختم کرنے کے لیے حزب اختلاف کے رہنماوں پر کاروائی ہوئی ہے وہیں اس موقع پر سبھی پارٹیوں کے رہنماوں نے وزیراعظم اور وزیراعلی داخلہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔