دربھنگہ:پی ایف آئی کارکنان نے دربھنگہ کے نیم چوک سے ناکہ نمبر تک ریلی نکالی، جس میں پٹنہ پولیس کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین، پی ایف آئی کے رہنماؤں کے خلاف لگائے گئے مبینہ الزام کو واپس لینے اور سازش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پٹنہ پولیس سازش کی بنیاد پر تنظیم کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اس احتجاج کی قیادت کر رہے مظہر الحق کاظمی نے کہا کہ 'پٹنہ میں دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور پولیس نے من گھڑت کہانی بنا کر ہماری تنظیم کے 26 ریاستی رہنماؤں کو اس کیس سے جوڑ دیا ہے۔ اس طرح پولیس کی طرف سے تنظیم کو غلط سرگرمیوں سے جوڑنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔ آج ہم اسی کے خلاف مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تنظیم کے رہنماؤں کو جلد از جلد رہا کیا جائے اور ان پر لگائے گئے تمام بے بنیاد الزامات کو واپس لے کر اس سازش کو انجام دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔