یہ احتجاجی جلوس کمیونٹی ہال قطب گنج ہاٹ نزد لائن اردو مڈل اسکول سے نکلا جو چوڑی پٹی ،سوداگر پٹی، گاندھی چوک،ڈے مارکیٹ کے راستہ بس اسٹینڈ سے گذر کر نیشنل ہائی وے ہوتے ہوئے ڈی ایم آفس پہنچا ۔ یہاں پہونچ کر ڈی ایم کشن گنج ہمانشو شرما کے حوالہ سے صدر جمہوریہ کو ماب لینچنگ کے خلاف میمورنڈم پیش کیا گیا۔
جلوس میں شریک لوگوں کے پاس احتجاجی تختیاں تھیں ۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مجلس اتحاد المسلمین کے صوبائی صدر اختر الایمان نے کہا کہ ملک میں اقلیتوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کے واردات بار بار دہرائے جارہے ہیں، جس کی بدترین شکل ہجومی تشدد ہے، اخلاق، پہلو خان،جنید ،قاسم،افروزالسلام کے ساتھ جو سفاکانہ و وحشیانہ سلوک ہوا اس کو انصاف تو ملا نہیں بلکہ ماب لینچنگ میں اضافہ ہی ہوا ہے۔
اسی سلسلہ کی ایک کڑی تبریز انصاری ہے۔ جس کو چوری کے بے بنیاد الزام میں بے دردی سے پیٹ کر ہلاک کردیا گیا۔
ملک میں اب تک ڈھائی سو سے زائد لوگ ماب لینچنگ کے شکار ہو چکے ہیں ۔سینکڑوں بچے یتیم اور مائیں بیوہ ہو چکی ہیں ۔آخر یہ سلسلہ کب تک چلے گا؟ یہ معاملہ ہمارے یا آپ کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔