مرکزی حکومت کی جانب سے نافذ کردہ زرعی قوانین کے خلاف آج گیا میں عظیم اتحاد کے رہنماؤں نے پچاس کلومیٹر لمبی انسانی زنجیر بنا کر احتجاج کیا، اس دوران عظیم اتحاد کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ گیا کی انسانی زنجیر میں تقریبا ایک لاکھ سے زائد لوگ شامل ہوئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق عظیم اتحاد کے اعلان پر آج گیا میں زرعی قوانین کے خلاف انسانی زنجیر بنائی گئی۔ یہ زنجیر گیا میں جھارکھنڈ کی سرحد ڈوبھی شہر سے پٹنہ تک ہونے کا دعوی کیا گیا ہے۔
اس تعلق سے سی پی آئی کے ضلع سکریٹری نرنجن کمار نے دعویٰ کیا کہ ضلع گیا میں بنائی گئی انسانی زنجیر پچاس کلومیٹر سے زیادہ لمبی تھی جس میں تقریبا ایک لاکھ سے زائد لوگوں نے شرکت کی ہے۔
وہیں، شہر گیا میں کلکٹریٹ کے پاس انسانی زنجیر میں شامل آنند کمار نے کہا کہ جس طرح سے حکومت اور بی جے پی کسانوں کو بدنام کرنے کی سازش کررہی ہے، اس کا جواب کسان پُر امن احتجاج سے دے رہے ہیں ۔