بہار کے ضلع ارریہ میں دارالعلوم امیریہ رضویہ و نوجونان کمیٹی رامپور کدر کٹی عید گاہ چوک کی جانب سے یک روزہ رحمت عالم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
یک روزہ رحمت عالم کانفرنس اس موقع پر دالعلوم محمدیہ عربی کالج پورنیہ کے پرنسپل حضرت مولانا محمد زبیر عالم صدیقی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ بنی پاک صل اللہ علیہ وسلم نہ صرف مسلمانوں کے لیے بلکہ پورے عالم کے لیے رحمۃ للعالمین بن کر آئے، آپ نے اپنے اخلاق و کردار سے اور صلح رحمی و امانت داری سے دوسروں کو متاثر کیا، آپ نے گالی دینے والوں کے لئے ہدایت کی دعا کی تب جا کر اسلام پورے عالم میں پھیلا، اسلام نہ کبھی تلوار کے زور پر پھیلا اور نہ کبھی کسی پر دباؤ بنا کر پھیلا بلکہ لوگ مذہب اسلام کی خوبیوں اور رسول اللہ کی تعلیمات سے متاثر ہو کر اسلام میں داخل ہوئے۔ تاریخ میں ایسی مختلف روشن مثالیں درج ہیں۔
یک روزہ رحمت عالم کانفرنس اترپردیش کے ضلع مبارک پور سے تشریف لائے شاعر اسلام قاری عبد الوکیل نے نبی کریم کی شان میں بہترین لب و لہجہ میں نعت پاک پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا۔ اس موقع پر مولانا ابراہیم رضا چترویدی نے سامعین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ضرورت ہے بنی کریم کے اخلاق حسنہ کو ہر انسان کے سامنے نمونہ کے طور زبان سے نہیں بلکہ عملی طور پر پیش کیا جائے۔ آج گفتار کے غازی تو بہت ہیں مگر عملی کردار کے غازی کم ہیں۔
چھپرہ سے تشریف لائے حضرت مولانا سلطان احمد مصباحی نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ تم اس ملک و ملت کے سچے ترجمان ہو، تمہیں بیدار اور ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، آج کا نوجوان غلط راہ پر زیادہ چل رہا ہے، غلط صحبت اختیار کر رہا ہے جس سے ہمارے معاشرے کا نقصان ہو رہا ہے، تم ہمارے مستقبل ہو، آج کے اس مادیت پرست دور میں تمہیں سنبھل کر رہنا ہے۔
کانفرنس سے مولانا شہریار رضا، مولانا غلام صمدانی، مولانا شکیل احمد، مولانا عارفین رضا، مولانا شمس الحق وغیرہ نے بھی خطاب کیا، کانفرنس کی نظامت کے مولانا معصوم رضا رضوی نے بخوبی نبھائی، اس موقع پر رامپور کدر کٹی کے مکھیا شہزاد عالم و نوجوانان کمیٹی کانفرنس کامیاب کرنے میں پیش پیش رہے۔