ریاست بہار کے ضلع بھاگلپور میں واقع مسلم محلہ برہپورہ میں مدرسہ اہل سنت مدینۃ العلوم میں حفاظ کرام کے اعزاز میں جلسہ دستار بندی کا اہتمام کیا گیا۔ لاک ڈاؤن کے باوجود کئی طلباء نے اپنی محنت و کاوش سے حفظ مکمل کیں، جن میں غلام حیدر ابن کلام الدین، غلام شہباز بن شمیم، فیضان ابن افضل مرحوم، ناظم ابن عین الحق وغیرہ طلبہ شامل تھے، جن کی دستار بندی کی گئی اور انہیں اسناد و مڈل کے علاوہ مقامی لوگوں نے تحائف سے نوازا۔
اس موقع پر جامعہ شہبازیہ ملا چک کے صدر مدرس مفتی فاروق عالم اشرفی مصباحی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآ ن پڑھنے سننے کے جو فائدے اور ثواب ہیں، وہی ثواب قرآن کی تعلیم کے فروغ دینے والوں کے لئے ہیں، اس لئے اگر آپ قرآن کی تعلیم کے فروغ میں حصہ لے رہے ہیں تو اس کا ثواب آپ کو بھی ملےگا اس لئے علماء اور حفاظ کی امداد اور تعاون میں کوئی کمی نہ کریں۔ خاص طور پر ایسے وقت میں حفاظ کرام کی بڑی اہمیت ہے جب کچھ دشمنان اسلام قرآن کریم کے بارے میں نعوذ باللہ لایعنی باتیں کر رہے ہیں اور اسلام کے خلاف منظم سازشیں ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ حفاظ کے لئے بڑے فخر کی بات ہے کہ جس بوجھ کو پہاڑ نہیں بر داشت کرسکا، اس کو حفاظ کرام برداشت کر لیتے ہیں۔
اس موقع پر مفتی گلزار نعیمی نے بھی خطاب کیا۔