ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع مزا غالب کالج کمیٹی کے انتخاب کا معاملہ ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔ تاہم یہاں اقتدار کی کشمکش تیز ہوگئی۔ کالج کونسل کے چیئرمین محمد صدرالدین نے گزشتہ 28 فروری کو ہی گورننگ باڈی کو برخاست کرکے ایک ایڈ ہاک کمیٹی تشکیل دی ہے، حالانکہ گورننگ باڈی چیئرمین کے فیصلے کو ماننے کو تیار نہیں ہے۔ لیکن کالج کے بائی لاز کے مطابق چیئرمین کو کمیٹی برخاست کرنے کا اختیار ہے اور چیئرمین کا عہدہ غالب کالج کا سب سے پاور فل عہدہ ہوتا ہے۔
چیئرمین محمد صدرالدین نے 19 مارچ کو کالج کونسلرز کا اجلاس طلب کر لیا ہے، لیکن اس دوران کالج کے پروفیسر انچارج ڈاکٹر محمد نسیم خان نے استعفی پیش کردیا ہے۔ موجودہ انتظامیہ نے نسیم خان کے استعفیٰ کی تردید نہیں کی بلکہ سکریٹری شبیع شمسی نے اس کی تصدیق کی ہے۔ شبیع شمسی نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ کو فون پر بتایاکہ پروفیسر انچارج نے استعفی دے دیا ہے، استعفی کی وجہ انہوں نے اپنی صحت کا حوالہ دیا ہے ۔واضح ہوکہ چیئرمین کے ذریعے کمیٹی کو برخاست کرنے کے بعد مالیاتی کام رک گئے ہیں۔