ریاست بہار کے ضلع گیا میں 'وزیر اعلیٰ اقلیتی روزگار قرض اسکیم' Chief Minister Minority Employment Loan Scheme منصوبہ کے تحت درخواست فارم بھرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے فارم بھرنے کا سلسلہ 7 فروری سے شروع ہوا ہے تاہم بے روزگاری اتنی ہے کہ تین دنوں کے اندر سو سے زیادہ درخواست اقلیتی فلاح دفتر میں پہنچ چکی ہیں جبکہ پانچ سو سے زیادہ فارم اقلیتی فلاح دفتر سے لوگ لے کر گئے ہیں۔اسی طرح محکمہ اقلیتی فلاح کے ویب سائٹ سے بھی فارم اپ لوڈ ہورہے ہیں۔ اطلاع کے مطابق 8 مارچ تک فارم بھرے جائیں گے اور اس کے بعد آگے کی کارروائی ہوگی۔
وزیر اعلیٰ اقلیتی روزگار قرض اسکیم کی کارروائی بہار میں ایک سال پیچھے چل رہی ہے۔
ای ٹی وی بھارت نے اس سلسلے میں اہتمام کے ساتھ خبر شائع کی اور متعلقہ افراد سے باتیں کی ہیں۔ جس کے بعد محکمہ نے بیک لاگ کو ختم کرنے کے لیے گزشتہ اور مالی سال 2020_2021 اور 2021_2022 کے لیے فارم ایک ساتھ بھرے جائیں گے۔
اس منصوبے کے تحت کچھ شرائط پر اقلیتی برادری جس میں مسلم، جین، پارسی، بودھیسٹ اور سکھ برادریاں شامل ہیں۔ مذکورہ اسکیم کے تحت انہیں پانچ فیصد سود پر پانچ لاکھ روپے تک کا قرض دیا جاتا ہے۔ محکمہ اقلیتی فلاح کا مالیاتی کارپوریشن قرض کی کارروائی کوانجام دیتا ہے اسکے پیچھے حکومت کا مقصد اقلیتی برادری کے بے روزگار لوگوں کو روزگار سے جوڑنا ہے۔ 18 سال کی عمر سے پچاس سال کی عمر کے لوگوں کو قرض دیا جاتا ہے اور اس میں مرد و خواتین دونوں قرض لینے کے اہل ہیں۔
درخواست دہندگان کا انتخاب ریاستی حکومت کے ذریعے تشکیل ضلع سطحی انتخابی کمیٹی کرے گی اور انتخابی کمیٹی کے صدر ضلع کے ڈی ڈی سی ہوتے ہیں۔
ضلع اقلیتی فلاح افسر جتیندر کمار نے بتایا کہ وزیر اعلی اقلیتی روزگار قرض اسکیم کے لیے فارم بھرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔