ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر ریاست بہار میں حکومت نے ایک بار پھر سے 11 اپریل تک تمام سرکاری و پرائیویٹ اسکولز کو بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے جس کے بعد سے پرائیویٹ اسکولز کے اساتذہ میں بے چینی دیکھی جا رہی ہے، اسی ضمن میں آج ضلع ارریہ میں پرائیویٹ اسکول اینڈ چلڈرن ویلفیئر ایسوسی ایشن نے ضلع کلکٹر پرشانت کمار سے ملاقات کی اور وزیر اعلیٰ کے نام ایک میمورنڈم سونپتے ہوئے کئی نکات کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔
ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر سبطین احمد نے کہا کہ آخر ایسی کیا مجبوری ہے جو حکومت صرف اسکولوں کو بند کرنے کے فیصلے لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ محتاط طلباء ہیں اور کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کرتے ہوئے تعلیم حاصل کر رہے ہیں تو حکومت کو اس سے کیا تکلیف ہے؟
سبطین احمد نے کہا کہ حکومت سرکاری اسکولوں کو بند رکھ کر اسے اپنے سرکاری کاموں کے لیے استعمال کرتی ہے اور اس سرکاریا سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کو بیٹھے بٹھائے تنخواہ بھی ملتی ہے لیکن ایسے اساتذہ کا کیا ہوگا جو پرائیویٹ اسکولوں میں برسر روزگار ہیں۔