تقریب کا افتتاح صدر جمہوریہ نے شمع روشن کر کے کیا۔ اس موقع پر بہار کے گورنر پھاگو چوہان، وزیر اعلیٰ نتیش کمار، بہار اسمبلی کے اسپیکر وجئے کمار سنہا، بہار قانون ساز کونسل کے کارگزار چیئرمین اودھیش نارائن سنگھ، نائب وزیر اعلیٰ تارکیشور پرساد، نائب وزیر اعلیٰ رینو دیوی، پارلیمانی امور کے وزیر وجئے چودھری سمیت ریاست کے دیگر وزراء، رکن پارلیمان، رکن اسمبلی، رکن قانون ساز کونسل، سابق رکن پارلیمان، سابق رکن اسمبلی، سابق رکن قانون ساز کونسل، چیف سکریٹری، ڈی جی پی وغیرہ شخصیات موجود رہے۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کہا کہ رکن اسمبلی، سماجی لعنتوں سے پاک، اعزاز و احترام سے بھرپور بہار کی تعمیر کے عزم مصمم کے ساتھ مسلسل کوشش کریں گے تو بہار 2047 تک یعنی آزادی کے ایک سو سال مکمل ہونے تک بہار، انسانی ترقی کے پیمانے پر ایک سرکردہ ریاست بن سکے گا۔
صدر جمہوریہ نے بہار سے اپنی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی شاندار تاریخ رہی ہے، بہار باصلاحیت لوگوں کی زمین ہے، گورنر رہتے ہوئے مجھے یہاں دو سال کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا ہمیشہ تعاون ملتا رہا ہے اور اب بھی مل رہا ہے۔ میری یہی خواہش ہے کہ تمام اراکین اسمبلی آج اسی ایوان میں کئے گئے عزائم کو نافذ کریں اور بہار کو ایک محفوظ، مہذب اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لئے مسلسل کوشش کریں۔