ریاست بہار کے ضلع گیا میں تین علیحدہ کمروں کے ساتھ الیکشن بوتھ کی طرح ہی کورونا ٹیکہ کاری کے لیے جگہ کا تعین کیا گیا ہے، ضلع میں کل ایسے چودہ مقامات ہیں جہاں پر ٹیکہ کاری ہوگی، پہلے مرحلے میں 19 ہزار 596 سرکاری و غیر سرکاری ہیلتھ ورکرز کا ویکسینیشن ہوگا۔
ضلع گیا میں 16 جنوری سے کووڈ19 سے بچاؤ کے لیے ٹیکہ کاری کی شروعات ہوگی جس کو لے کر ضلع سطح پر تیاری کرلینے کا دعویٰ ضلع مجسٹریٹ نے کیا ہے، ویکسین دو ڈوز میں پڑے گی، پہلے ڈوز کے 28 دن میں دوسرا ڈوز پڑے گا، جس سینٹر کے لیے کوون 'cowin' پورٹل پر رجسٹریشن ہوا ہے اسی سینٹر پر ٹیکہ ٹیکہ لگائے جائیں گے، ضلع گیا میں چودہ سینٹرز میں بارہ سینٹرز سرکاری ہیں جبکہ دو غیر سرکاری ہیں۔
سخت حفاظتی بندوبست اور آبزرویشن کے دوران ٹیکہ لگایا جائے گا، پہلے مرحلے میں 19 ہزار 596 ہیلتھ ورکرز کو دس دنوں کے اندر ٹیکہ لگانے کا عمل مکمل کرنے کا ہدف ہے، سو افراد پر ایک ٹیکہ کاری دستہ کی تعیناتی ہوگی، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ نے بتایا کہ 19 ہزار 596 ہیلتھ کییر ورکرز میں سات ہزار 878 افراد ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے ہیں۔
جبکہ 6939 آئی سی ڈی ایس ملازم ہیں، 4779 کا تعلق پرائیویٹ ہیلتھ خدمات سے ہے، ٹیکہ جس روم میں لگے گا وہاں کسی باہری کوجانے کی اجازت نہیں ہوگی، پورے احاطے کو سینیٹائز کرنے کے ساتھ وہاں سینیٹائزر اور سوشل ڈسٹینس پرعمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔