رانچی ہائی کورٹ نے چارہ بدعنوانی کیس میں لالو پرساد کو مشروط ضمانت دے دی ہے۔
لالو پرساد یادو کی ضمانت کے لیے پورا خاندان پچھلے کئی دنوں سے پوجا پاٹھ میں مشغول تھا جبکہ ان کی بیٹی روہنی آچاریہ نے والد کی رہائی کے لیے روزہ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ لالو یادو کی فیملی کو تین دن کے بعد یہ خوشخبری ملی کہ جلد ہی وہ جیل سے باہر آجائیں گے۔
دراصل لالو پرساد کی چھوٹی بیٹی روہنی نے اپنے فیس بک پیج پر چار دن قبل لکھا تھا کہ وہ اپنے والد کی رہائی اور صحتیابی کے لیے روزہ رکھیں گی۔ ساتھ ہی وہ نوراترا بھی کریں گی۔
انہوں نے اپنے والد کو سیکولرازم کا علمبردار بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی پرورش انسانیت اور آپسی بھائی چارے کے ماحول میں ہوئی ہے۔ آج ضمانت ملنے پر ایک بار پھر روہنی نے لکھا ہے کہ میرا رمضان اور نوراترا کامیاب رہا۔ آج مجھے روزہ اور نوترا سے ایک بڑا تحفہ ملا ہے۔ جیسے ہی لالو پرساد یادو کی ضمانت ملنے کی خبر آئی۔ روہنی نے فیس بک پر لکھا - دیکھو، شیر آیا۔ میری دعا قبول ہوگئی۔