سمستی پور: بہار کے ضلع سمستی پور سے ایک دل چھولینے والا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں ایک ماں باپ اپنے مردہ بیٹے کی لاش کو اسپتال سے حاصل کرنے کے لیے بھیک مانگتے نظر آرہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق تاج پور تھانہ علاقہ کے آہر گاؤں کے رہائشی مہیش ٹھاکر کے 25 سال کا بیٹا 25 مئی سے گھر سے لاپتہ تھا۔ لواحقین نے بہت تلاش کیا لیکن کچھ پتا نہیں چل سکا، 7 جون کو مہیش ٹھاکر کو اطلاع ملی کہ پولیس کو مسری گھراری تھانہ علاقے میں ایک نامعلوم نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ بعد ازاں متوفی کے والد مسری گھراری تھانہ پہنچے جہاں انہیں بتایا گیا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے صدر ہسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ اس کے بعد وہ صدر اسپتال پہنچے اور وہاں اپنے بیٹے کی لاش مانگی لیکن وہاں موجود اہلکاروں نے لاش دینے سے انکار کردیا۔
مہیش ٹھاکر کے مطابق پہلے تو پوسٹ مارٹم ورکر نے انہیں لاش دکھانے کو تیار نہیں تھا، پولیس اہلکاروں کے کہنے پر اس نے لاش دکھایا، جب انہوں نے اپنے بیٹے کی لاش کی مانگ کی تو اس نے کہا کہ پہلے 50 ہزار لیکر آؤ پھر لاش لے کر جاؤ، اگر نہیں ہے تو پھر جاؤ۔ ہم نے بہت درخواست کی کہ ہم غریب لوگ ہیں۔ اتنا رقم کہاں سے لائیں گے، لیکن وہ نہیں مانا، پھر بھی ہم نے کسی طرح دو ہزار روپے دیے لیکن وہ لاش نہیں دیا، بعد ازاں ہم لوگ تھک ہار کر گھر لوٹ گئے۔