ریاست بہار کے ارریہ کے جوکی ہاٹ اسمبلی حلقہ کے گردا گاؤں کے رہنے والے چندن پنڈت کے چھ برس کے بیٹےچندر شیکھر کو گاؤں کے ہی کچھ لوگوں نے پیسے کی خاطر اغوا کر لیا تھا۔ اس سے قبل بچے کے لاپتہ ہونے کی اطلاع والدین نے جوکی ہاٹ تھانہ میں شکایت درج کی تھی۔اس سلسلے میں پولیس نے مقامی لوگوں سے پوچھ گچھ کی۔
پولیس ٹیم نے چھاپہ مار کاروائی کرتے ہوئے اغوا شدہ بچے کو بازیاب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بیس دن قبل کچھ لوگوں نے یہ افواہ پھیلا دی کہ چندن پنڈت کے بینک کھاتے میں 64 لاکھ روپے ہے۔ یہ افواہ جنگل کی آگ کی طرح پورے گاؤں میں پھیل گئی۔ نتیجتاً چندن پنڈت کے خود چچازاد بھائی نے رقم حاصل کرنے کی خاطر اپنے چچازاد بھائی کے چھ برس کے بیٹے چندر شیکھر کو اغوا کر 40 لاکھ روپے فروتی کا مطالبہ کیا۔ تب چندن کے ہوش اڑ گئے، چندن پنڈت کشمیر میں مزدوری کا کام کرتا ہے، پیسہ کما کر جب اس نے گھر بنایا تو اس کے چچیرے بھائی وجے پنڈت کو جلن ہونے لگی اور پھر اس نے اس سازش کو انجام دینے کے لیے بھتیجے کو ہی اغوا کرنے کی سازش رچی۔