گیا: بہار کے ضلع گیا میں آج رات سے محرم کے بڑے جلوسوں کے نکلنے کا سلسلہ شروع ہوجائیگا۔ یہ سلسلہ آئندہ گیارہ محرم یعنی کہ 30 جولائی تک جاری رہیگا اس دوران آج شام کو ڈی ایم اور ایس ایس پی کی قیادت میں شہر گیا میں فلیگ مارچ نکالا گیا۔ ضلع میں پرامن ماحول میں محرم کو اختتام کرانے کے لیے انتظامیہ کے افسران متحرک ہیں۔ ڈی ایم تیاگ راجن اور ایس ایس پی آشیش بھارتی کی قیادت میں فلیگ مارچ نکالا گیا۔ جس میں ضلع پولیس کے ساتھ فساد کنٹرول دستہ بہار آرمڈ دستہ شامل تھے۔
ایس ایس پی آشیش بھارتی نے بتایاکہ تمام حساس مقامات پر فلیگ مارچ کیا جارہاہے۔ اس کا بنیادی مقصد عام شہریوں میں تحفظ کے احساس کو بڑھانا ہے اور دشمن عناصر کے ساتھ جو فساد پھیلانے کا ارادہ رکھتے ہیں ، انکے لیے ایک طرح سے سخت وارننگ ہے کہ وہ ایسی حرکت ہرگز نہیں کریں ، اگر کوئی حرکت شرپسند عناصر کریں گے تو پولیس اور انتظامیہ پوری طرح سے تیار ہے ، ان سے نمٹنے میں ذرا سی بھی تاخیر نہیں ہوگی۔