گیا: ریاست بہار میں حج آپریشن 2023 کی تیاریاں جاری ہیں، گیا ضلع ہوائی اڈہ امبارکیشن پوائنٹ سے پرواز کو قریب ایک ماہ بچا ہوا ہے، اس دوران اس برس سفر حج پر جانے کا ارادہ رکھنے والے افراد کو پہلی قسط کی رقم جمع کرنے کی آخری تاریخ 15 اپریل متعین ہے، بہار حج بھون نے باضابطہ اس کے لیے سرکولر جاری کرکے اس کی پوری جانکاری عازمین کو فراہم کی ہے، لیکن اس دوران اس برس سفر حج پر روانہ ہونے والوں کے لیے حج بھون نے کچھ راحت دی ہے اور انہیں پیسہ جمع کرنے کی رسید حج بھون تک پہنچانے کے لیے آسانی فراہم کی ہے۔
بہار حج کمیٹی کے چیئرمین عبدالحق نے کہا ہے کہ جو عازمین پہلی قسط کا پیسہ جمع کرچکے ہیں یا پھر سنیچر تک جمع کریں گے انہیں پیسہ جمع کرنے کی رسید حج بھون تک پہنچانے کے لیے زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ جو پٹنہ حج بھون نہیں آنا چاہتے ہیں وہ جمع رقم کی رسید کسی معرفت سے بھیج سکتے ہیں، ڈاک، اسپیڈ پوسٹ کے ذریعے ریاستی حج کمیٹی کے دفتر حج بھون بھیج سکتے ہیں، اسی طرح رسید کے ساتھ وہ میڈیکل سرٹیفکیٹ کی کاپی ڈاک کے ذریعے بھیج سکتے ہیں۔