مرکزی وزیر پشوپتی کمار پارس نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی شکایت پر الیکشن کمیشن نے لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کا انتخابی نشان منجمد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل چراغ پاسوان ضمنی الیکشن میں اپنا امیدوار کھڑا کرنا چاہتے ہیں جبکہ ہمارا کیس ابھی تک عدالت میں چل رہا ہے۔
ایل جے پی لیڈر پشوپتی کمار پارس نے ہفتہ کو دہلی سے پٹنہ پہنچے تھے، پٹنہ ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن سے اس سلسلے میں شکایت کی تھی، جس کے بعد انتخابی نشان 'بنگلہ' منجمد کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چراغ پاسوان بہار کی دو نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں اپنے امیدوار کو اس نشان سے لڑانا چاہتے تھے، جبکہ معاملہ عدالت میں ہے۔ چنانچہ ہم نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی۔ جس پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔