ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع اوٹی اے پاسنگ آوٹ کی تقریب 12 دسمبر کو منعقد ہوگی، اس سے قبل منگل کے روز اوٹی اے میں تربیت کے دوران بہترین کارکردگی پیش کرنے والے کیڈٹس کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔
گیا آفیسر ٹریننگ اکیڈمی میں جنٹلمین کیڈٹس کی کامیاب فوجی تربیت کے بعد 12 دسمبر کو 18واں پاسنگ آوٹ تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس پاسنگ آؤٹ پریڈ میں اسپیشل کمیشن آفیسر 45 کے ایس سی او 45 بھارت کی فوج میں کمیشن حاصل کریں گے۔
تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس کو وجے ہال میں ایوارڈ سے نوازا گیا، اس دوران کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل سنیل شریواستو نے سبھی کامیاب کیڈٹس کو انعام سے نوازا اور ان کی بہترین مستقبل کی دعا کی اور ملک کے لیے لیے نمایاں خدمات انجام دینے کی امید ظاہر کی۔
اس مرتبہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں کمیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس کے رشتے دار، دوست و احباب اور شہر گیا کے معززین کو مدعو نہیں کیا گیا ہے،کورونا وبا کے پیش نظر جاری ہدایات پر ہی پاسنگ آوٹ تقریب کا اہتمام کیا جائےگا۔
کیڈٹس کے رشتہ دار دوست و احباب کے لیے پاسنگ آوٹ تقریب کے تمام مناظر پورے ملک میں براہ راست آرمی کے یوٹیوب چینل پر ٹیلی کاسٹ کیے جانے کی بات بتائی گئی ہے، اس پاسنگ آؤٹ تقریب کے انسپکشن افسر اور تقریب کے مہمان خصوصی گیا او ٹی اے کے کمانڈنٹ لیفٹنٹ جنرل سنیل شریواستو ہی ہوں گے۔