ریاست بہار کے بھاگلپور شہر میں اردو زبان سیل زیر اہتمام سبور ایگریکلچرل یو نیورسٹی کے آڈیٹوریم میں فروغ اردو سیمنار کا اہتمام کیا گیا، جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے بہار پبلک سروس کمیشن کے رکن امتیاز احمد کریمی نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امتیاز احمد کریمی نے کہا کہ اردو صرف زبان ہی نہیں بلکہ ہماری تہذیب ہے اور اس تہذیب کو زندہ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کو ڈاکٹر اور انجینئر بنائیے لیکن اردو کی تعلیم دیتے ہوئے تہذیب و تمدن سے آراستہ ضرور کیجیے۔
اس موقع پر جے پی یو نیورسٹی چھپرہ کے وائس چانسلر پروفیسر فارو ق علی نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ایک سازش کے تحت اردو کو مذہب سے جوڑ دیا گیا یہیں سے ارد و کی تنزلی کا دور شروع ہوگیا، انہو ں نے کہا کہ لوگ اردو اور ہندی کو سگی بہنیں کہتے ہیں لیکن رویہ سوتن جیسا نبھاتے ہیں، لہذا اس رویہ میں بدلاؤ لانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر اردو سیل کی ضلع انچارج ڈپٹی کلیکٹر کومل کرن نے کہا کہ اردو یا کسی زبان کو کسی خاص مذہب سے جوڑنا غلط ہے، کیونکہ زبان کا تعلق کسی مذہب سے نہیں ہوتا، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلع سطح پر اردو سیل اردو کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور اس کا خاطرہ خواہ فائدہ بھی ہو رہا ہے، کئی افسران سے اردو سیکھنے کے لیے رابطہ کرتے ہیں کیونکہ اردو چاشنی ہر ایک کو اپنی جانب کھینچتی ہے۔