گیا:عالمی یوم آبادی کے موقع پر منگل کو صدر ہسپتال کے احاطے میں ایک بیداری سائیکل ریلی نکالی گئی اور فیملی پلاننگ میلے کا انعقاد کیا گیا۔جس کا مقصد بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانا اور خاندانی منصوبہ بندی کے فوائد کے بارے میں عام لوگوں میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ اس ریلی میں مقامی کالجوں کی طالبات کے ساتھ ساتھ آشا کارکنان اور محکمہ صحت کے افسران و ملازمین نے شرکت کی۔
ریلی میں شریک طالبات اور دیگر افراد نے ایک پلے کارڈ آویزاں کیا، جس پر فیملی پلاننگ سے متعلق نعرے درج تھے۔ اس سے قبل سول سرجن ڈاکٹر رنجن کمار سنگھ، سی ڈی او ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ اور ہسپتال کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر چندر شیکھر پرساد نے مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر ہسپتال کے احاطے میں فیملی پلاننگ میلے کا افتتاح کیا، اور رتھ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
سول سرجن رنجن سنگھ نے کہا کہ فیملی پلاننگ کا خواتین کی صحت پر براہ راست اور مثبت اثر پڑتا ہے۔ بچے بھی تب صحت مند ہوتے ہیں، جب خاندانی منصوبہ بندی میں مرد اور خواتین کی یکساں شراکت ہو۔ خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے مردوں کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ مرد ایک خوشحال اور منظم خاندان کے لیے خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔ خاندانی منصوبہ بندی نہ صرف شرح پیدائش کو کم کرتی ہے، بلکہ ماؤں کی صحت کو بہتر بنانے، خاندان کا معیار زندگی بلند کرنے، اعلی تعلیم دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
سول سرجن رنجن سنگھ بتایا کہ رتھ کی مدد سے ضلع میں خاندانی منصوبہ بندی کے فوائد کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا جائے گا۔ پی سی آئی کے پروگرام منیجر نے کہا کہ شہری بنیادی مراکز صحت میں کاپر ٹی اور دیگر عارضی ذرائع کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آشا ورکرز ہر گھر جا کر اہل جوڑے سے رابطہ کر کے خاندانی منصوبہ بندی کی ضروری معلومات اور خدمات فراہم کریں گے۔