گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا میں محکمہ توانائی کی جانب سے بجلی کا استعمال کرنے والوں کے یہاں اسمارٹ پری پیڈ ڈیجیٹل میٹر لگیں گے۔ اسکے لیے محکمہ توانائی نے تیاری شروع کردی ہے ، 15 دسمبر سے گیا میں اسکا آغاز ہوگا ، گیا ضلع میں 6 لاکھ سے زیادہ پری پیڈ میئر لگیں گے حالانکہ بہار میں پہلے سے پری پیڈ ڈیجیٹل میٹر لگانے کا عمل جاری ہے۔
اب تک 21 لاکھ 84 ہزار لگائے جاچکے ہیں تاہم ابھی 1 کروڑ 71 لاکھ 5 ہزار پری پیڈ میٹر لگانے کا ہدف ہے۔اس میٹر کو لگانے کے لیے کوئی چارج نہیں ہے اور نا ہی میٹر کا پیسہ لیا جائے گا البتہ بغیر ریچارج کے بجلی فراہم نہیں ہوگی۔ریچارج کے لیے کسٹمرز کو کہیں بھاگ دوڑ کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہے ۔وہ خود سے ریچارج کر سکتے ہیں۔یہ اطلاع آج خواجہ جمال پروٹوکول آفیسر نے دی ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ بجلی کے صارفین کو پری پیڈ میٹر لگانا لازمی ہے۔ اس لیے سبھی کو پری پیڈ میٹر لگانے میں تعاون کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ گیا ضلع کے شہری اور دیہی علاقوں میں میٹر لگایا جائے گا یہاں کل 6 لاکھ پانچ ہزار 164 میٹر لگیں گے اس کام کو انٹیلی اسمارٹ کمپنی کے ذریعے کیا جائے گا۔ پری پیڈ میٹر لگانے کے کام کو بہار ہیڈ کوارٹر سے بھی نگرانی رکھی جا رہی ہے۔ خاص طور سے سی ایم ڈی اور آئی ایس افسر سنجیو ہنس کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور دونوں ایم ڈی کے ذریعے روزانہ میٹر انسٹالیشن کی اپڈیٹ لی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ بجلی کے ہر سرکل میں کیمپ لگا کر صارفین کو اسمارٹ میٹر کے موضوع پر بیدار کیا جا رہا ہے۔افواہیں جو گردش کر رہی تھیں اس حوالے سے بھی انہیں تفصیلی معلومات فراہم کی جا رہی ہے ۔انہوں نے اسمارٹ پری پیڈ میٹر کے فوائد کے تعلق سے بھی کہا کہ یہ انتہائی فائدہ مند ہے کیونکہ اسے بہتر ڈھنگ سے استعمال پر بجلی کی بچت بھی ہوگی۔ ساتھ ہی انہوں نے میٹر لگوانے کے وقت صارفین سے اپیل کی کہ وہ اپنا موبائل نمبر ضرور درج کرائیں تاکہ میٹر لگنے کے بعد ریچارج کریں گے تو ساری تفصیل رجسٹرڈ موبائل نمبر پر میسج کے ذریعے ملتی رہے گی۔