ریاست بہار کے ضلع گیا میں صبح سات بجے سے پنچایت انتخابات کے تحت چھٹے مرحلے کی ووٹنگ جاری ہے۔ تاہم اس دوران کئی بوتھس پر انتظامات ندارد ہیں۔
شیرگھاٹی بلاک میں واقع دریا پور پنچایت کے کھنڈیل گاؤں میں پِنک بوتھ پر بھی انتظامات کے نام پر خانہ پرتی ہے۔ کھنڈیل گاؤں کا بوتھ نمبر 9 اور 11 کو پنک بوتھ بنایا گیا ہے یہاں پر پریزائڈنگ افسر سے لےکر ووٹنگ کرانے کے لیے بھی خاتون اسٹاف کو تعینات کیا گیا ہے۔
بوتھ نمبر 9 پر کُل ووٹ 566 ہیں جبکہ بوتھ نمبر 11 پر ووٹرز کی تعداد 678 ہے۔ پنک بوتھ پر خاتون ووٹر کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔ پنک بوتھ کا مقصد معاشرے کو خواتین کی تعداد کا احساس کرانا ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں سارا نظام خواتین کے ہاتھوں میں ہوتا ہے۔ پنک بوتھ پر خواتین کے بیٹھنے کے لیے بھی الگ سے انتظامات ہوتے ہیں لیکن یہاں گھنٹوں خواتین کھڑی ہوکر اپنے نمبر کا انتظار کرتی رہیں۔