پٹنہ، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو یاد دلایا کہ جب وہ ان کے ساتھ حکومت میں تھے تب سے ہی ریاست میں تمام طبقوں کو کاروبار کے لیے 5 لاکھ روپے گرانٹ اور 5 لاکھ روپے کا قرض دیا جارہاہے۔نتیش کمار نے سموار کو بہار اسمبلی میں بی جے پی ایم ایل اے نند کمار کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا، ”آپ یہ کیوں بھول گئے کہ جب ہم (حکومت میں) ساتھ تھے، ہم نے تمام طبقوں کو کاروبارکے لیے 5 لاکھ روپے گرانٹ اور پانچ لاکھ روپے کے قرض کا انتظام کیا تھا۔ اسی وقت یہ طے کیا گیاتھا، جب 2009 میں اس کا آغاز ہوا تو اس کا فائدہ صرف اقلیتی طبقہ کو ملتا تھا، اب اس کا فائدہ سبھوں کو مل رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سال 2018 میں درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل اور سال 2000 میں اس کا فائدہ انتہائی پسماندہ لوگوں کو دیا جانے لگا۔ بعد میں سال 2021 میں جب ہم (بی جے پی-جنتا دل یونائیٹڈ) دوبارہ حکومت میں آئے تو ہم نے تمام خواتین کو بغیر سود کے پانچ لاکھ روپے کا قرض اور پانچ لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا انتظام کیا۔ اس کے بعد اونچی ذات اور پسماندہ ذات کے جو لوگ بچ گئے ان کیلئے ایک فیصد پر اس قرض کا انتظام کیا گیا۔ باقی لوگوںکے لیے شرح سود صفر ہے۔ انہوں نے کہا، ”یہ سب تب ہوا جب آپ (بی جے پی) ساتھ تھے، اس لیے لوگوں کو یہ بتایئے کہ سب کو اس کا فائدہ ملے گا۔