پٹنہ:بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں 12 جون کو ہونے والی اپوزیشن کی اہم میٹنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اب یہ میٹنگ 23 جون کو ہو سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کانگریس اور ڈی ایم کے نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے میٹنگ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ تاہم تاریخ میں تبدیلی کی وجوہات کے بارے میں ابھی تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ کانگریس رہنما راہل گاندھی کی غیر موجودگی کے پیش نظر تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے۔ راہل گاندھی اس وقت امریکہ کے دورے پر ہیں۔ نتیش کمار اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کے لیے کچھ عرصے سے مسلسل اپوزیشن رہنماوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کچھ عرصہ قبل کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی سے بھی ملاقات کی تھی۔
نتیش کمار نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے سمیت کئی رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔ اس میں سب نے کہا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کا متحد ہونا ضروری ہے۔ اس لیے جلد ہی ایک میٹنگ منعقد کی جائے گی اور بی جے پی کے خلاف ایک ساتھ لڑنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔