پٹنہ:وزیر اعلیٰ نتیش کمار 5 جنوری 2023 سے شروع ہونے والی 'سمادھان یاترا' کے لیے والمیکی نگر پہنچے۔ وزیر اعلیٰ کا والمیکی نگر ہوائی اڈے پر مقامی عوامی نمائندوں، قائدین اور ضلع انتظامیہ نے گلدستہ پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔وزیراعلی نے والمیکی نگر میں زیر تعمیر انٹرنیشنل کنونشن سنٹر کا دورہ کیا اور جاری کاموں کودیکھا۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے انٹرنیشنل کنونشن سینٹر کے تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔Nitish Kumar On Samdhan Yatra
انٹرنیشنل کنونشن سنٹر کا دورہ کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے صحافیوں سے بات کی۔ سمدھان یاترا کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ ترقیاتی کاموں کی پیشرفت دیکھنے کے لیے مختلف مقامات کا دورہ کریں گے۔ عوام کی باتیں بھی سنیں گے۔ اس سے قبل سماجی اصلاح مہم کے دوران ہم نے کئی مقامات کا دورہ کیا تھا اور لوگوں سے بات چیت کی تھی اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا تھا۔ شراب بندی کے حوالے سے لوگوں میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شراب بندی کے تئیں مسلسل بیداراور ترغیب دی جا رہی ہے۔
اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے گنڈک بیراج کنٹرول روم کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران گنڈک ندی کے اخراج اور پانی کی سطح کے بارے میں جانکاری لی۔ گنڈک ندی کا معائنہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سال گنڈک ندی کے پانی کی سطح دیگر سالوں کے مقابلے بہت اچھی ہے اور پانی بھی صاف ہے۔ وزیراعلیٰ نے کنٹرول روم میں نصب عظیم انسانوں کی تصاویر کا بھی معائنہ کیا۔