بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس سمیت کھانے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کو فطری قرار دیا اور کہا کہ کورونا عالمی وبا کی وجہ سے کئی طرح کے مسائل پیدا ہوئے ہیں اور ایسے میں حکومت کی پہلی ترجیح کورونا سے آزادی اور لوگوں کی آمدنی کو برقرار رکھنا ہے۔
کمار نے پیر کو ” جنتا کے دربار میں وزیراعلیٰ“ پروگرام کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ کورونا وبا سال 2019 سے ہی پوری دنیا میں پھیلنے لگا لیکن ہندوستان میں گزشتہ سال اس نے دستک دی۔ اس کے بعد سے ہی بہت ساری چیزوں میں رکاوٹ آئی ہے، وہ فطری ہے۔ اس کا معاشی حالت پر اثر پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی ضرورت ابھی اس بات کی ہے کہ کیسے اس سے جلد سے جلد آزادی ملے۔