پٹنہ: بہار میں نتیش کابینہ میں منگل کو توسیع کی گئی اور 31 وزراء نے عہدہ اور رازداری کا حلف لیا۔ گورنر ہاؤس کے راجندر منڈپم میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں گورنر فاگو چوہان نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے 16، جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے 11، کانگریس کے 02، ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) سے ایک اور ایک آزاد امیدوار کو عہدہ و رازداری کا حلف دلایا گیا۔Bihar Cabinet Expansion
حلف لینے والوں میں جے ڈی یو کے وجے کمار چودھری، وجیندر پرساد یادو، اشوک چودھری، شراون کمار، لیسی سنگھ، مدن ساہنی، سنجے جھا، شیلا منڈل، سنیل کمار، جینت راج اور زماں خان اور آر جے ڈی سے آلوک کمار مہتہ، تیج پرتاپ یادو، سریندر پرساد یادو، رامانند یادو، کمار سروجیت، للت یادو، سمیر کمار مہاسیٹھ، چندر شیکھر، انیتا دیوی، سدھاکر سنگھ، اسرائیل منصوری، شمیم احمد، کارتکیہ سنگھ، سریندر رام، محمد شاہنواز اور جتیندر کمار رائے، کانگریس سے محمد آفاق عالم اور مراری گوتم، ہم پارٹی سے سنتوش سمن اور آزاد امیدوار سمیت کمار سنگھ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 10 اگست کو مہاگٹھ بندھن کی حکومت کے قیام کے بعد جے ڈی (یو) لیڈر نتیش کمار نے وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی کے تیجسوی پرساد یادو نے نائب وزیراعلی کے طور پر حلف لیا تھا۔ حلف برداری کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ وزراء میں قلمدانوں کی تقسیم کے بعد آج شام 4.30 بجے کابینہ کی میٹنگ بھی ہوگی۔