اس میٹنگ میں ارریہ اسمبلی حلقہ کے تمام پنچائیت و بلاک کے کارکنان نے شرکت کی، وہیں انہوں نے این ڈی اے امیدوار کو کامیاب کرنے کا عہد لیا۔
میٹنگ کی صدارت بی جے پی کے سابق ضلعی صدر آلوک بھگت نے کی جبکہ نظامت سشمیتا ٹھاکر نے انجام دی۔ نشست میں ارریہ سے رکن پارلیمان و بی جے پی رہنما پردیپ کمار سنگھ ، اجے کمار جھا، آفتاب عظیم عرف پپو عظیم نے شرکت کی۔
رکن پارلیمان پردیپ کمار سنگھ نے کہا کہ ارریہ کی عوام وزیراعلیٰ نتیش کمار کے پندرہ سالوں میں کیے گئے ترقیاتی کاموں پر ووٹ کرے گی، نتیش کمار نے بہار کو پندرہ سالوں میں جس مقام پر لا کھڑا کیا ہے جہاں آج ہر بہاری کو خود کو بہاری کہلانے پر فخر ہے۔ آج ہم لوگ عہد کریں کہ نتیش کمار کے کاموں کو دیکھتے ہوئے ارریہ ضلع سے سبھی چھ سیٹ انہیں تحفہ کے طور پر دیا جائے تاکہ آگے وہ اور بھی ترقیاتی کام کر سکیں۔