شہر کے دانشوران و مذہبی علمأ کرام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آج کے دن یعنی شب برات کی عبادت اپنے اپنے گھروں کے اندر رہ کر کریں تاکہ جس وبا سے پوری دنیا پریشان حال ہے اس سے نجات مل سکے۔
مدرسہ اسلامیہ یتیم خانہ کے پرنسپل انچارج مولانا شاہد عادل قاسمی نے کہا کہ ملک ایک عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے چونکہ اس متعدی مرض سے بچنے کی سب سے اہم تدابیر اس کے چین کو توڑنا ہے اور اس چین کو توڑنے کے لیے بند کمرے ہی میں رہنا سب سے اہم ہے، لاک ڈاؤن نام ہی اپنے آپ کو کورنٹائین کر لینے کا ہے اور اسلام میں بھی جان بچانے کی ہدایت موجود ہے۔
جمعیۃ علما ہند ارریہ کے جنرل سکریٹری مفتی اطہر القاسمی نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی تباہی کے مدنظر امت مسلمہ آج کے قبرستان جانے سے مکمل پرہیز کریں نیز دیگر جگہوں میں اجتماعی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں اسے بھی مکمل طریقہ سے بند کریں، حکومت ہند نے اس وبا سے لڑنے کی جو تدابیر اختیار کی ہیں اس پر ہم سبھی عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔