پٹنہ:ریاست بہار کی کربگھیہ جامع مسجد کے امام و تنظیم آئمہ مساجد بہار کے نائب صدر مولانا مفتی معین الدین قاسمی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کے دوران کہاکہ لوگ یکسوئی ہوکر اس عشرہ میں شب قدر کی تلاش کریں، خوش نصیب ہے وہ شخص جسے شب قدر مل گئی اور وہ ہزار مہینوں کے عبادت کا مستحق ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مہینے میں ایک خاص عمل زکوٰۃ و صدقات کا ہے، مگر عام طور سے دیکھا جاتا ہے کہ لوگ اس میں تساہلی سے کام لیتے ہیں۔
کچھ لوگ عید کے دن صدقۃ الفطر کی رقم ادا کرتے ہیں جو غیرمناسب ہے، عید سے پہلے پہلے ادا کرنے کا مطلب عید کے دن ادا کرنا نہیں ہے بلکہ اس سے پہلے جو اس کے مستحقین ہیں ان تک پہنچانے کا حکم ہے تاکہ وہ بھی اس خوشی میں شریک ہوجائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مومنوں کو چاہیے کہ وہ اس میں غفلت ہرگز نہ برتیں بلکہ اگر جن لوگوں نے ابھی تک زکوٰۃ یا فطرہ کی رقم ادا نہیں کئے ہیں وہ پہلی فرصت میں اسے ادا کریں۔