کورونا وبا کے بڑھ رہے خطرات کے پیش گزشتہ 5 مئی سے آئندہ 15 مئی تک ریاست بھر میں لگے لاک ڈاؤن کا استقبال کرتے ہوئے ارریہ کے رکن پارلیمان و بی جے پی کے قدآور رہنما پردیپ کمار سنگھ نے کہا کہ حکومت جو بھی قدم اٹھا رہی ہے وہ ہماری بھلائی کے لئے ہے، ملک کورونا وبا سے لڑ رہا ہے۔ ایسے میں حکومت کا تعاون کرنا اس وبا کو خاتمہ کرنے میں تعاون جیسا ہے۔
کورونا گائیڈ لائن پر عمل کرنا ہر شہری کا اہم فریضہ: پردیپ کمار انہوں نے کہا کہ اس وبا کو ختم کرنا تب تک ممکن نہیں ہے جب تک ہم حکومت کی جانب سے جاری گائیڈ لائن پر مکمل عمل نہ کریں۔
پردیپ کمار سنگھ نے کہا کہ پہلے مرحلے کے مقابلے میں اس بار کورونا کا رخ کچھ زیادہ تیز ہے، بے احتیاطی کرنے والوں پر کورونا اس طرح اثر انداز ہو رہا ہے کہ ایک سے دو دن ہی مریضوں کو مہلت مل رہا ہے، یہ لمحہ فکریہ ہے، ڈاکٹر بھی اپنی جانب سے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، اس لئے ارریہ کے تمام لوگوں سے میری اپیل ہے کہ اس وبا کو ہلکے میں نہ لیں، بغیر ضرورت گھر سے باہر ہرگز نہ نکلیں، بہت ضروری ہو تو گھر سے باہر جائیں، بغیر ماسک اور سینٹائزر کے نہ نکلیں، باہر سے آنے کے بعد صابن سے ہاتھ پیر یقینی طور پر دھوئیں اور سینٹائزر کا استعمال کریں، ساتھ ہی گرم پانی کا استعمال کریں۔
ایک سوال کے جواب میں رکن پارلیمان پردیپ کمار سنگھ نے کہا کہ یہ صحیح بات ہے کہ ارریہ صدر ہسپتال میں کووڈ بیڈ اور آکسیجن کی کمی ہے مگر یہ کمی ریاست کے ہر اضلاع میں ہے، پھر بھی صدر ہسپتال میں جتنی ضرورت آکسیجن کی ہے وہ موجود ہے، ضرورت ہوگی تو پھر انتظام کرایا جائے گا۔ میں خود ان چیزوں کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں اور سول سرجن کے رابطہ میں ہوں۔