ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا کہ 'مودی حکومت ملک کو انگریزوں کے نقشِ قدم پر لے کر چل رہی ہے۔ جس طرح انگریز بھارت پر حکمرانی کرنے کے لیے بھارتیوں میں انتشار پھیلاتے اور آپس میں لڑانے کی سازش کرتے تھے اسی طرح آج مودی حکومت ہندو سماج میں مسلمانوں کے تئیں نفرت پھیلاکر سیاست کررہی ہے۔
کانگریس کے سرکردہ رہنما و سابق مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر شکیل احمد ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیاں اس ملک کے لیے نقصان دہ ہیں اس سے ملک ٹوٹ جائے گا۔ گزشتہ دنوں دہلی کے جنتر منتر میں کچھ لوگوں کے ذریعہ مسلمانوں کے خلاف مبینہ اشتعال انگیزی کی گئی یہ اسی ذہنیت کا حصہ ہے جس پر بی جے پی کے لوگ کام کررہے ہیں۔
ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا کہ 'اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں سبھی پارٹیوں کو متحد ہوکر ایک پلیٹ فارم پر آنا پڑے گا تاکہ بی جے پی کو شکست دی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ 'ملک بچانے کے لیے نفرت پھیلانے والوں کے خلاف جب تک تمام پارٹیاں اپنا نفع نقصان چھوڑ کر ایک ساتھ نہیں آئیں گی تب تک یہ فرقہ واریت قائم کر کے اس ملک کو تباہ و برباد کردیں گے۔
ڈاکٹر شکیل نے مزید کہا کہ 'بی جے پی کہتی ہے کہ کانگریس نے 70 برسوں میں ملک کو کیا دیا؟ میں کہتا ہوں جو 70 برسوں میں کانگریس نے دیا اسی کو بیچ کر آج مودی حکومت کے لوگ کاروبار کررہے ہیں۔
ڈاکٹر شکیل احمد نے کورونا وبا میں نتیش کمار حکومت کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں بہار میں کورونا مریضوں کے لیے ایک بھی اسپیشل ہسپتال نہیں بن سکا۔ آکسیجن کے کمی اور وقت پر ویکسین نہیں ملنے کی وجہ سے سینکڑوں لوگوں کی جانیں گئیں۔ مودی حکومت کہتی ہے کہ ویکسین کی کمی نہیں ہے جب کہ لوگ ویکسین کے لیے بھٹک رہے ہیں۔
ڈاکٹر شکیل احمد نے اس امر کو بھی مضحکہ خیز بتایا کہ مودی جی کو ہر چیز میں کریڈٹ لینے کی عادت ہوگئی ہے۔ اولمپک میں جن کھلاڑیوں نے جیت درج کی ان کی تصویر چھوٹی اور خود کی بڑی تصویر۔ سستی شہرت کے لیے اس حد تک جانا کسی بھی وزیراعظم کو زیب نہیں دیتا۔ اس سے قبل بھی کانگریس کے دور میں کھلاڑیوں نے اولمپک گولڈ میڈل جیتا لیکن کسی وزیر اعظم کی جانب سے ایسا نہیں کیا گیا۔