چوری کاالزام لگاکر سترہ سال کے ارجن مانجھی کو بے رحمی سے پیٹا گیا جس کے بعد وہ ہلاک ہوگیا۔
بہار میں ایک اور ماب لنچنگ، بھیڑ نے ارجن کو ہلاک کردیا ریاست بہار کے ضلع گیا کے ڈلہا تھانہ میں واقع گجادھر کلیان پور گاوں میں چوری کاالزام لگاتے ہوئے بھیڑ نے پیٹ پیٹ ہلاک کردیا۔مہلوک کی شناخت 17 سالہ ارجن مانجھی کی حثیت سے کی گئی۔پولیس ابھی اس واقعہ کو ماب لنچنگ ماننے سے انکارکررہی ہے۔ارجن مانجھی کے ارکان خاندان نے کہا کہ مانجھی کو ایک سازش کے تحت ہلاک کیا گیا جبکہ انہوں نے پولیس کے رویہ پر بھی سوال اٹھائے۔اطلاع کے مطابق گذشتہ رات ایل آئی سی ایجنٹ جتیندر کمار کے گھر میں چور داخل ہونے سے متعلق شور مچا جس کے بعد گاؤں والوں نے 2 نوجوانوں کو پکڑ لیا جس میں ایک نوجوان بھاگنے میں کامیاب ہوگیا۔جبکہ ارجن مانجھی کو بھیڑ نے پکڑ لیا اور اس کی پٹائی کی جس کے بعد وہ شدید زخمی حالت میں ہلاک ہوگیا۔رات دیر گئے پولیس کو اطلاع دی گئی لیکن پولیس آج صبح گاؤں پہنچی اور مانجھی کی نعش کو پوسٹ مارٹم کی غرض سے انوگرہ نارائن ہسپتال منتقل کردیا۔ارجن مانجھی کے ارکان خاندان نے چوری کے الزام کو غلط بتایا ہے۔ایس ایس پی راجیو مشرا نے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ پولیس ارجن مانجھی کے تینوں ساتھیوں کی تلاش کر رہی ہے اور گاؤں والوں سے بھی پوچھ تاچھ کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام پہلوؤں کو نظر میں رکھتے ہوئے تحقیقات کی جارہی ہے اور جو بھی قصوروار ہوگا اسے بخشا نہیں جائے گا۔